Thank you for visiting our website!

Urdu Ghazal

دل پہ جب درد کی افتاد پڑی ہوتی ہے

دوستو! وہ تو قیامت کی گھڑی ہوتی ہے

 

جس طرف جائیں ، جہاں جائیں بھری دنیا میں

راستہ روکے تری یاد کھڑی ہوتی ہے

 

جس نے مَر مَر کے گزاری ہو ، یہ اس سے پوچھو

ہجر کی رات بھلا کتنی کڑی ہوتی ہے

 

ہنستے ہونٹوں سے بھی جھڑتے ہیں فسانے غم کے

خشک آنکھوں میں بھی ساون کی جھڑی ہوتی ہے

 

جب کوئی شخص ، کہیں ذکرِ وفا کرتا ہے

دل کو اے دوستو! تکلیف بڑی ہوتی ہے

 

اس طرح بیٹھے ہیں وہ آج مری محفل میں

جس طرح شیشے میں تصویر جڑی ہوتی ہے